عوام کا پیسہ میرٹ کی بنیاد پرخرچ کیاجائے ،محمد شفیق

177

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے صدر حاجی محمد شفیق چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اسپورٹس فیڈریشز کو گرانٹ جاری کرتے وقت میرٹ کا خیال رکھے، انہوں نے کہا کہ اس میں کارکردگی کو نظر انداز کیا گیا ہے، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہینڈ بال واحد ٹیم کھیل تھا جس میں پاکستان نے 13 ویں جنوبی ایشین گیمز کے فائنل میں بھارت کو ایک سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور بھارت کے خلاف جنوبی ایشین گیمز میں ہماری طلائی تمغہ کی کامیابی کو گزشتہ دنوں ملک میں سب سے بہترین کارنامہ قرار دیا جا رہا تھا، لیکن ہینڈبال فیڈریشن کا ان گرانٹ حاصل کرنے والی 16 اسپورٹس فیڈریشنوں میں نام شامل نہیں ہے جن کو حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ یہ گرانٹ کس بنیاد پر تقسیم کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ کی اس فہرست میں ہینڈ بال فیڈریشن کا نام نہیں اور پاکستان نے ایشین اور جنوبی ایشین گیمز کی سطح پر مجموعی طور پر دوسروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ بین الاقوامی تمغے جیتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہر بیچ گیمز میں بھی میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ حاجی شفیق چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کو ملک میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل باڈی کے تسلیم شدہ ٹورنامنٹ کا انعقاد کروانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دس سال قبل آنے والے بہترین نتائج کے ساتھ ہی عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانا شروع کر دی تھی جب پاکستان ورلڈ گیمز میں چھٹے نمبر پر تھا اور 2009ء طاہر علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کو گرانٹ ضرور ملنی چاہئے بلکہ ہماری خواہش ہے کہ یہ پبلک منی ہے اور میرٹ پر خرچ ہونی چاہیے۔