ٹریڈ باڈیزکے سالانہ انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کا مطالبہ

201

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن ( ڈی جی ٹی او ) سے ٹریڈ باڈی کے سالانہ انتخابات برائے 2020-21کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نکاٹی نے ڈی جی ٹی او کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ملک کو اس وقت سنگین صورتحال کا سامنا ہے اور کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیںجبکہ تجارت و صنعت پر بھی اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ نکاٹی نے خط میں خدشہ ظاہر کیا کہ کورونا کی موجودگی میںٹریڈ باڈی کے سالانہ انتخابات برائے 2020-21 کا انعقاد ناممکن ہے اور نہ ہی جولائی میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا جاسکتا ہے کیونکہ انتخابات میں ووٹنگ کے لیے زیادہ تعداد میں لوگوں کو جمع کرنے کا مطلب کورونا وبا کو پھیلنے کی دعوت دینا ہے۔ موجودہ حالات میں سماجی دوری کو یقینی بنانا بالکل بھی ممکن نہیں ہوسکے گا جبکہ سندھ حکومت نے بھی زیادہ تعداد میں لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) نے ڈی جی ٹی اوسے سالانہ انتخابات برائے 2020-21کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کے خلاف جنگ میں تاجربرادری حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔