پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری کی کارکنوں سمیت پی پی میں شمولیت

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پی ایس 103 کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اشرف علی نے اپنے درجنوں کارکنان سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوںنے وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، پی ایس 103 کے صدر سید خاور شاہ، عبدالوہاب بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کراچی پی ایس 103 کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوںنے صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ملاقات کے بعد کیا۔ اس موقع پرسعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع سے مختلف جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر شمولیت کرنے والے پی ایس 103 ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اشرف علی نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کو نئی جماعت ہونے اور ان کے دعووں کو دیکھتے ہوئے اس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سمیت ان کی صوبائی و کراچی کی قیادت نے ہمیں مکمل مایوس کیا اور ان کے تمام عوام سے کیے گئے دعوے یوٹرن کی نذر ہوگئے ہیں۔