حکومت نے کشمیریوں کے لیے کردار ادا نہیں کیا ،عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ‘ حافظ نعیم

563

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصب افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری بزرگ کی لاش کے قریب ننھے و معصوم پوتے کی دل دہلادینے والی تصویر عالمی اداروں ، اقوام متحدہ ،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کیلیے لمحہ فکر ہے ، جو بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے 7 لاکھ سے زائد فورس تعینات کی ہوئی ہے ، مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ایک معصوم اور ننھے بچے کی تصویر میں وہ اپنے شہید نانا کو جگانے کی کوشش کر رہا ہے ، یہ بھارتی ظلم و ستم کی ایک اور بدترین مثال ہے۔ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں ۔کشمیریوں نے ایک دن کے لئے بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کیا ہے ، لاکھوں کشمیری نوجوانوں ، بچوں، بزرگوں نے اس جدوجہد میں اپنی جان کے نذرانے پیش کیے ہیں ، خواتین نے بھی بہت قربانیاں دیں ہیں ، ہزاروں خواتین کی بے حرمتی کی گئی ، لیکن کشمیری نوجوانوں ، بزرگوں ، بچوں اور خواتین کے اندر سے جذبہ حریت اور شوق شہادت کو ختم نہیں کیا جا سکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اسے بھارت میں ضم کرنے اور مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آبادی جوکہ اکثریت میں ہے کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں ، کشمیریوں کے حقوق کو سلب کرنے کے لیے نت نئے قوانین نافذ کیے جا رہے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ان حالات میں حکومت پاکستان نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ہے ، ہمارے حکمران صرف زبانی جمع خرچ میں لگے ہوئے ہیں اور بھارت کشمیر کو ہڑپ کرنے پر تلا بیٹھا ہے، حکومت کو کشمیر کا مسئلہ اور ہزاروں کشمیریوں کا مقدمہ عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے تھا ، مگر ایسا نہ کیا گیا ۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جانا چاہیے ، لیکن یہ حق نہیں دیا جا رہا ، جبکہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ نے مداخلت کی ، لیکن مقبوضہ وادی کے لئے موثر اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ، حکمران خواہ کتنا ہی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کریں ، عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا ، کشمیر آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا ، حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے تاکہ کشمیریوں میں یہ احساس زندہ رہے کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔