کراچی پرایک اور ظلم‘بجلی مہنگی کرنے کی منظوری

473

اسلام آباد/کراچی ( نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹر ک کو کراچی کے عوام پر مزید ظلم ڈھانے کی اجازت دے دی گئی۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کوبجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ وزارت خزانہ سے جاری علامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں جولائی 2016ء سے مارچ 2019ء تک کے الیکٹرک کے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے 26 مارچ 2020 ء کو اس ضمن میں کیے جانے والے اس فیصلے کی توثیق کی جس میں ای سی سی نے اپنی بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی تھی۔ان سفارشات میں کے الیکٹرک کے لیے (33 مہینوں) کے ایڈجسٹمنٹ کو طے کردیا گیا تھا اور ای سی سی نے ہدایت کی تھی کہ 3ماہ بعد یہ موثر ہوں گے۔فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی، جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ادھر کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایٹمی بجلی گھر کینپ میں تکنیکی خرابی کے باعث شہر میں لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔کے الیکٹرک مطابق مذکورہ ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے شہر کو 60 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کراچی کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ٍکے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ خرابی کو درست کرنے کے لیے ٹیکنیکل ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی اس خرابی کے بعد رات بھر شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں 3 سے 6 گھنٹے کا اضافہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق اضافی گیس اور فرنس آئل ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لودشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹوں تک ہے۔