ملکی خودمختاری کا ہرقیمت پر تحفظ کریں گے‘فوجی قیادت

389

اسلام آباد(آن لائن)قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک کی داخلی و خارجی سلامتی صورتحال پر جائزہ لینے کیلیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیردفاع پرویزخٹک ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا ، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ، چیف آف ائر سٹاف چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حامد نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا ۔اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن طورپر رہنے پر یقین رکھتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنی عوام اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی خواہش اور صلاحیت دونوں رکھتے ہیں ۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور عالمی برادری سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔اجلاس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بہادری اور منظم کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حالیہ حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا ۔