عمران خان مائنس ون کی بات خود کرتے ہیں،سابق وزیر اعظم

317

اسلام آباد:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان مائنس ون کی بات خود کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کوسیاسی مقاصد کےلیے استعمال کیاجارہا ہے، نیب کسی بھی سیاستدان پرالزام ثابت کرنے میں ناکام رہا، ہم پرتمام الزامات  بے بنیاد عائد کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کو 11 سال بعد بری کردیا گیا اور وہ کیس سے بری بھی ہوگئے، گیارہ بارہ سال بدنامی ہوئی ذمے دار کون ہے؟نیب کی وجہ سے ملک میں ترقی کاعمل رکا ہوا ہے، آج کوئی شخص ملک میں سرمایہ کاری نہیں کررہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت 5سال پورے کرے لیکن بات یہ ہے کہ کیا ملک اس حکومت کا متحمل ہوسکتا ہے؟ ملک کے حالات  کیسے ہوگئے ہیں فیصلہ عوام  نے کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مائنس ون کی بات خود کرتے ہیں، مائنس ون پارٹی کے اندرکیے جاسکتے ہیں باہریہ فارمولا  نہیں چلتا۔