کوٹہ سسٹم کو مستقل طور پر ختم کیا جائے،اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد

333

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد کی جانب سے آل اسٹوڈینٹ آرگنائزیشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد ڈویژن برادر سعد احسن قاضی اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآبادنے کی۔ اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ کے ذریعے مطالبات کیے گئے کہ کوٹہ سسٹم کو مستقل طور پر ختم کیا جائے ۔حیدرآباد یونیورسٹی کا صرف زبانی کلامی نہیں بلکہ عملا قیام عمل میں لایا جائے اور اسکے لیے باقاعدہ فنڈز مختص کیے جائیں ۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم سے اے پی سی کا
ایک مشترکہ وفد ملاقات کریگا ۔انٹرمیڈیٹ میں امپروو کرنے والے طلبہ کا مستقبل خطرہ میں ہے اس حوالے سے ایک مشترکہ وفد کنٹرولر بورڈ سے ملاقات کریگا اور اس مسئلہ کو حل کی طرف لیکر جائیگا ۔ملک میں امیر اور غریب کی تفریق کو ختم کر کے سب کیلیے یکساں نظام تعلیم رکھا جائے۔ طلبہ یونین کو فوری طور بحال کیاجائے۔ کانفرنس میں جعفریہ اسٹوڈینٹ آرگنائزیشن ،جمعیت طلبہ اسلام ‘پیپلز اسٹوڈینٹ فیڈریشن ‘پاک سرزمین اسٹوڈینٹ فیڈریشن ‘آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹ آرگنائیزیشن ‘اصغریہ اسٹوڈینٹ آرگنائزیشن ودیگر طلبہ تنظیموں نے شرکت کی۔