عوام مدارس اور مذہبی این جی اوز کے ذریعے قربانی کو ترجیح دیں،اتحاد تنظیمات مدارس

155

کراچی (نمائندہ جسارت)اتحاد تنظیمات مدارس کے رہنمائوں صدر تنظیم المدارس مفتی منیب الرحمن ، وفاق المدارس کے رہنما ڈاکٹرمولانا محمد عادل خان، رابطۃ المدارس کے رہنما مولانا عبدالوحید،وفاق المدارس سلفیہ کے رہنما علامہ محمد یوسف قصوری اور وفاق المدارس شیعہ کے رہنما علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی خریداری کے لیے مویشی منڈی جانے والے شہریوں سے ایس اوپیز پرعمل کرنے اورانتظامیہ سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ہے، علماکرام نے کہا کہ میلہ ٹھیلہ نہ لگایا جائے احتیاط کی جائے، سوشل میڈیا پروائرل قربانی کی آن لائن خبروں کو من گھڑت اور شرپسندی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کے لیے ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں تمام سہولیات فراہم کرے۔کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس
کانفرنس کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ خلوص سچائی اور حسن نیت کا تقاضا یہ ہے کہ ایس اوپیز پرعمل کرکے قربانی کا جانوربھی خریدنا ہے اور دوسرے کا خیال بھی رکھنا ہے، مفتی منیب الرحمن کا کہناتھاکہ اس سال جانورکی خریداری اورقربانی کا تقاضا کچھ مختلف ہے،میلہ ٹھیلہ نہ لگائیں جلد خریداری کریں اور واپس آئیں، سپرہائی وے مویشی منڈی کا رخ کرنے والے سختی سے ایس اوپیز پرعملدرآمد کریں، یہ تاریخ انسانیت کی پہلی وبا ہے جس میں سارے انسان مبتلاہیں، لوگ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور خریدنے جتھوں کی صورت میں نہ جائیں مویشی منڈی انتظامیہ سے تعاون کریں ایک 2افراد اپنی پسند کا جانور خرید کر لے آئیں، ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاولہ کاکہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ آبادی کے لیے آن لائن قربانی کے جانورکی خریداری ممکن نہیں گلی گلی مویشی منڈیاں سجانے کے بجائے حکومت ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں طبی، سیکورٹی اوردیگر سہولیات فراہم کرے۔اس موقع پر جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید نے کہا کہ سیکولر و لبرل قوتوں اور کچھ مغرب نواز اداروں کی کوشش ہے کہ قربانی جیسے فریضے کو روکا جائے لیکن یہ ان کی بھول ہے امت مسلمہ شعائر اسلام پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی ، انہوں نے کہا کہ مدارس میں بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانیاں ہوتی ہیں اس کے علاوہ الخدمت ودیگر مذہبی این جی اوز بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کرتی ہیں ، عوام ان کے ذریعے یہ عظیم فریضہ ادا کرسکتے ہیں ، آن لائن قربانی کا مشورہ دینے والے شرپسند ہیں اور شعائر اسلام کو نقصان پہنچارہے ہیں ، عوام ایسی خبروں پر توجہ نہ دیں ۔