تمام توجہ ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ،ٹی 20 کا بعد میں سوچیں گے،بابر اعظم

219

ووسٹر(جسارت نیوز)انگلینڈ کے شہر ووسٹر میں موجود ون ڈے ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹریننگ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس اچھی رہی، سب کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور سب فٹ ہیں ، دورے میں محمد رضوان پہلی چوائس ہوںگے،تمام تر توجہ ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہے اور پھر ٹی20کا سوچیں گے، ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز سے فائدہ ہوگا انہیں کھیلتا دیکھ کر نئی پلئینگ کنڈیشنز کا اندازہ ہو گا،انگلینڈ میں دو سیریز برابر کی ہیں اور ہم اعتماد کے ساتھ یہاں آئے ہیں مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گے۔کپتان بابر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے دوران اسپورٹس جرنلسٹ ڈے کے موقع پر اسپورٹس جرنلسٹس کو مبارکباد پیش کی ۔بابر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے دوران انگلینڈ کے شہر ووسٹر میں جاری پریکٹس اور کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوک کا بال انگلینڈ میں استعمال ہوتا ہے، بال کا زیادہ فرق ہے، انگلینڈ میں پرفارم کرنے کے بعد دیگر ممالک کے خلاف بھی کھیلنے کا اعتماد ملتا ہے، ٹارگٹ ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ٹیم کو ٹاپ پر لانا ہے۔بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں تبدیلیاں کیں تو ٹی ٹوئنٹی کارکردگی پر فرق پڑا، ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس وقت ٹیسٹ سیریز پر فوکس ہے، میرا فوکس یہ ہے کہ کارکردگی اچھی ہو جس سے ٹیم جیتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انگلینڈ میں دو سیریز برابر کی ہیں اور ہم اعتماد کے ساتھ یہاں آئے ہیں مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گے، یہاں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے ہم اچھے انداز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔اْن کا کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا بولنگ اٹیک بھی اچھا ہے عباس کو یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے ، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی ردھم میں ہیں انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز سے فائدہ ہوگا انہیں کھیلتا دیکھ کر نئی پلئینگ کنڈیشنز کا اندازہ ہو گا، یونس خان اور مصباح الحق کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، یونس خان اور مصباح الحق مل کر پلان بنا رہے ہیں۔بابر اعظم کا محمد رضوان سے متعلق کہنا تھا کہ محمد رضوان کو پورا موقع ملنا چاہیے وہ پہلی چوائس ہیں ، محمد رضوان فٹ ہوگئے ہیں اور وہ انگلینڈ آ رہے ہیں انہیں ترجیح دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرا موازنہ پاکستان کھلاڑیوں کے ساتھ کریں گے تو اچھا لگے گا، ہمارے بھی بہت بڑے بڑے لیجنڈ ہیں۔