حکومت ارشدندیم کیلیے اسپیشل گرانٹ کا اعلان کرے،اکرم ساہی

206

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے حکومت کی جانب سے ملنے والی 2 ملین گرانٹ پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ارشد ندیم کی اولمپک میں شرکت کی یقینی بنانے کے لئے مزید اسپیشل گرانٹ کا اعلان کرے تاکہ اس کو کورونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جاسکے۔ گزشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کو ساڑھے تین ملین کی گرانٹ ملتی تھی چلو ملکی حالات کو مدد نظر رکھتے ہوئے کم گرانٹ دی گئی۔ اکرم ساہی نے کہا کہ قومی اتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپک گیمز کے جیولین تھرو کے ایونٹ کے لئے کوالیفائی کر رکھا ہے، اولمپک گیمز رواں سال جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کھیلی جانی تھی لیکن دنیا میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے باعث انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اولمپک گیمز کو ملتوی کرنا پڑا اور اب یہ گیمز آئندہ برس جولائی۔ اگست میں ٹوکیو جاپان میں کھیلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک کی تیاری کے سلسلہ میں ارشد ندیم کی بیرون ممالک تربیت کے تمام انتظامات اور اخراجات حکومت کو برداشت کرنے چاہیے۔ ارشد ندیم کی کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم ایک محنتی کھلاڑی ہے اور اس نے اپنی محنت پر اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر حکومت ارشد ندیم کو جدید اور اعلی تربیت کے لئے بیرون ملک بھجوانے کے انتظامات کرتی ہے تو وہ یقیناً جاپان کی سر زمین پر میڈل حاصل کر کے ملک و قوم کا نام فخر سے بلند کرے گا۔