پولیس نے 3 اغوا کاروں کو ہلاک کرکے مغوی بچہ بازیاب کرلیا

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن حدید کے قریب گھر میںدوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ماں،بیٹا اور بیٹی کو زخمی کردیا، اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے3 اغوا کاروں کو ہلاک کرکے بچہ بازیاب کرالیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا، اس موقع پر گھر میں موجود ماں بیٹا اور بیٹی نے مزاحمت کی کوشش کی جس پرملزمان نے فائرنگ کردی۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماں،بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زخمی خاتون کے بیٹے زاہد علی نے بتایا کہ 3 مسلح ڈاکو سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے، مزاحمت پربھائی، بہن اور والدہ کو زخمی کردیا، زاہد علی نے بتایا کہ ہمارے والد سرکاری ملازم ہیں،اس سے قبل بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں۔ دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کربلا گراؤنڈ کے قریب پولیس نے کامیاب کارروائی کی، جس میں3اغوا کارہلاک اور مغوی بچہ بازیاب کرالیا گیا، پولیس کے مطابق بچے کو29جون کو میٹرو ول سائٹ سے اغوا کیا گیا تھا، بچے کی رہائی کے لیے اغواکاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ لیاقت آباد شہدا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کورنگی بلال چورنگی پر ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں شاہ فیصل کالونی میں ڈاکوؤں نے نوجوان سے لوٹ مار کی، متاثرہ نوجوان نے واردات کے بعد ملزمان کا تعاقب کیا اور ان کی ویڈیو بنائی، ملزمان نے تعاقب کرنے پر فائرنگ بھی کی۔