جبری برطرفی کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی، پاسلو

193

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاسلو یونین کی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر عاصم بھٹی کی زیر صدارت گلشن حدید میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسٹیل مل کے ملازمین کی جبری بر طرفی اور نجکاری کے خلاف پاسلو کی جاری تحریک پر تفصیلی غور ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک حکومت اپنا یہ ظالمانہ اور غیر قانونی فیصلہ واپس نہیں لیتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔ اجلاس میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ ہوا ۔ علی حیدر گبول نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ جماعت اسلامی اور پاسلو پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کے خلاف عدالتی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔صدر پاسلو عاصم بھٹی نے کارکنان پاسلو کے بلند حوصلوں کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک حکومت ملازمین کو بے روزگار کرنے کا جبری فیصلہ واپس نہیں لیتی تحریک جاری رہے گی۔ صدر پاسلو نے مزید کہا کہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گورنر ہائوس تک لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔ہم تمام ٹریڈ یونینز کو دعوت دیتے ہیں کہ سب مل کر اس احتجاج کو کامیاب بنائیں۔