کے الیکٹرک مافیا باز نہیں آیا ، کراچی کے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب بڑھانے کا فیصلہ ، وزیر اعظم خاموش

240

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک مافیا باز نہیں آیااور اضافی ایندھن ملنے کے باوجود پاکستان کے معاشی حب کراچی کے عوام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان کے الیکٹرک نے نیابہانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو 60 میگاواٹ کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اورنگی ٹاؤن ، لیاری، عثمان آباد، گلبہار، شومارکیٹ گارڈن، آگرہ تاج، شیرشاہ،سائٹ،بلدیہ، گلشن حدید، گڈاپ،کیماڑی، سرجانی، بنارس اور قصبہ کالونی ، ملیر، میمن گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی ،الہلال سوسائٹی کے ڈی اے اسکیم 7 ، شاہ فیصل کالونی،محمود آباد، قیوم آباد،بلال کالونی، گلستان جوہر بلاک دو،گلشن اقبال کے بلاکس میں بھی فنی خرابی کے نام پر3سے 12گھنٹے تک کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ رات 12بجے کے بعد بھی اب تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہوسکا، شدید گرمی اور حبس کے عالم میں عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیںاور معمولات زندگی درہم برہم ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مینٹیننس شٹ ڈاؤن ، کیبل اورپی ایم ٹی فالٹس کے نام پر کے الیکٹرک کی جانب
سے لوڈشیڈنگ کے ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں۔کے الیکٹرک کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مستثنیٰ علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے تاہم کے الیکٹرک کے دعوؤں کے برعکس اب بھی مستثنیٰ علاقوں میں 5سے 6گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔کراچی کے شہری وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاملے کا نوٹس نہ لینے پر حیران ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہر چند روز بعد اپنی تقریوں میں مافیاز کے خلاف کارروائی کا کہتے ہیں لیکن کراچی والوں پر مسلط کے الیکٹرک مافیا کے خلاف ان کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتااور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کراچی کو پاکستان سے الگ تصور کرتے ہیں ، اس لیے عوام کو کے الیکٹرک مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑاہوا ہے،یہاں کے عوام کی مشکلات کا انہیں کوئی احساس نہیں ہے۔