پیپرا رولز سے ہٹ کر چینی نہیں خرید سکتے، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز

171

اسلام آباد (اے پی پی) ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے مارکیٹ سے مہنگی چینی کی خریداری پر وضاحت کی ہے کہ پیپرا رولز سے ہٹ کر چینی نہیں خرید سکتے، شوگر ملز کے خط میں 70روپے فی کلو کے تناسب سے چینی کی خریداری کی پیشکش کی گئی گئی تھی۔ نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے عمر لودھی نے بتایا کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے67 روپے کے حساب سے 20 ہزار ٹن
چینی خریدی گئی جس میں سے آدھی چینی ہم اٹھا چکے ہیں اور اگلے ایک دو روز میں بقیہ چینی بھی اٹھا لیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ 13 جون کو شوگر ملز نے خط لکھا کہ 70 روپے کلو چینی خریدیں،70روپے میں ملنے والی چینی کا اسٹاک اسی وقت لینے کا کہا گیا۔ پیپرا رولز اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ہم چینی اسی وقت خریدتے، پیپرا رولز کے مطابق 15 دن کا ٹینڈر پیریڈ ہوتا ہے، اس کے بعد خریداری کی جاتی ہے۔ پیپرا رولز کی خلاف ورزی نہیں کرسکتے کیونکہ بعد میں پکڑ ہوتی ہے۔ عمر لودھی نے کہا کہ ایکس فیکٹری چینی کی فی کلو قیمت 74 روپے ہے اور اس پر4 روپے ٹیکس ہے۔