اس بار اجتماعی قربانی کو ترجیح دی جائے گی، مفتی منیب الرحمن

507

کراچی : رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہےکہ اس بار اجتماعی قربانی کو ترجیح دی جائے گی، مویشی منڈیاں آبادی سے دور لگائیں جائیں۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن  نے کہاکہ قربانی کی  کھالیں جمع کرنےکاگزشتہ سال کااجازت نامہ اس سال بھی قابل عمل ہوگا،حکومت سےتمام معاملات طے ہوچکےہیں۔

مفتی منیب الرحمن  نے کہاکہ عوام گلیوں میں جانوروں کو نہ گھمائیں، نمائش کرنے سے بھی گریز کرے ، عوام مویشی منڈی کو پکنک پوائنٹ نہ سمجھیں ، کورونا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے صرف چندسنجیدہ  افراد ہی جانور خریدنے منڈی جائیں،قربانی کے جانوروں کو گلی محلے میں نہ گھمایا جائے اور نہ ہی نمائش کی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ منڈی میں جانور مالکان سمیت تمام افرادکو ماسک پہننا لازمی ہوگااور سوشل ڈسٹینس کا خاص خیال رکھا جائے،مقامی حکومت کے نمائندے 8تا 15ذالحجہ کے درمیان جراثیم کش اسپرے کا انتظا کریں،حکومت قربانی کے ایام کے بعد چونے کے چھڑکاؤ کو فوری یقینی بنائے۔

مفتی منیب کا کہنا تھا کہ مقامی ایڈمنسٹریشن مساجد ، مدارس اور فلاحی تنظیموں کو اس حوالے سے تنگ نہ کریں،حکومت کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے نام مشتہر کیے جائیں گے، جو کھالیں جمع نہیں کرسکتیں۔