پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے اجرا کو مسترد کردیا

378

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈو میسائل کا اجرا مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ڈو میسائل غیر متعلقہ افراد کو جاری کیے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان  بھارتی ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت منفی پروپیگنڈے سے مقبوضہ کشمیر میں سچ کو دبا نہیں سکتا۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نمایندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششوں پر بھی گفتگو کی۔

ترجمان نے کہا کہ امید ہے افغانستان میں قیدیوں کی رہائی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

ملاقات کے دوران امریکی نمایندہ خصوصی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر دہشت گرد حملے کی مذمت بھی کی۔