آزاد کشمیر،بچوں سے بدفعلی پر سزائے موت کا قانون منظور کرلیا

194

مظفرآباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے بچوں کے ساتھ بد فعلی کرنے والے کو سزائے موت ، عمر قید ، جرمانہ یا پھر جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا دینے کا قانون منظور کر لیا ہے ۔ اسمبلی میںکریمنل ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی معاشرے میں عام ہو چکی ہے جس کے تدارک کے لیے یہ قانون لایا گیا ہے، اس قانون کے تحت اگر کوئی شخص 18سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ بد فعلی کرے گا تو عدالت کا اختیار ہو گا کہ وہ اسے سزا موت ، عمر قید ، جرمانہ یا پھر جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا دے سکتی ہے۔ اگر کوئی شخص بدفعلی کی کوشش کرے گا تو اس کے لیے بھی 5 سے 10سال تک کی سزا رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اس کی تفتیش کم از کم ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ پولیس کی سطح کا آفیسرکر سکے گا جبکہ ٹرائل سیشن کورٹ کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ 60ایام کے اندر کیس کا فیصلہ کرے۔