کاروبار شروع کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے،کراچی چیمبر

374

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کاروبار شروع کرنے کے انتہائی پیچیدہ طریقہ کار کو سہل بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور حکمت عملیاں کچھ اس طرح وضع اور موثر طریقے سے نافذ کی جائیںکہ کوئی بھی کاروبار شروع کرنے کا خواہشمند باآسانی ایک سے دو روز میں ہی اپنے کاروبار کا آغاز کر سکے جیسا دنیا بھر کے کئی ممالک میں ہورہا ہے۔پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو(پی آر ایم آئی) کی اسٹیرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کے سی سی آئی کے صد ر آغا شہاب نے حکومت سے درخواست کی کہ اداروںکی تعداد کو کم کرنے کے لیے طریقہ کار اور ذرائع تلاش کیے جائیں کیونکہ اداروں کی زیادہ تعداد پیچیدہ طریقہ کار کو سہل بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ اس سلسلے میں پالیسی سازوں کو ون ونڈو سہولت مہیا کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہوگا جو اگر واقعی فراہم کر دی جائے تو اس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی جو پاکستان کی منافع بخش مارکیٹ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ضرور آگے آئیں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کا آغاز کرنا ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے کیونکہ مختلف منظوریاں حاصل کرنے اور کاغذی کارروائی کو مکمل کرنے میںکافی وقت لگ جاتا ہے جبکہ حکومتی اداروں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا بازار گرم ہے۔