سراج تیلی، آغاشہاب کا دلیر سیکورٹی گارڈز، پولیس، رینجرز کو خراج تحسین

231

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) سراج قاسم تیلی اور کے سی سی آئی کے صدر آغا شہاب احمد خان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے نجی سیکورٹی گارڈز، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کے حملے کے رد عمل میں فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا اوردہشت گردوں کو اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں گھسنے سے روکتے ہوئے چند ہی منٹوں میں انہیں کیفرکردار تک پہنچایا۔ایک بیان میں چیئرمین بی ایم جی اور صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ تاجر وصنعتکار برادری سیکورٹی گارڈز، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی بہادری اور حب الوطنی کی تعریف کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اس اہم ادارے اور پی ایس ایکس ممبران اور اسٹاف کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بننے سے بچالیا۔انھوں نے کہا کہ سیکورٹی گارڈز اور پولیس والوں نے صفِ اول پر رہتے ہوئے بلاشبہ قابل ستائش کام کیا جبکہ رینجرز نے بھی اس موقع پر بروقت کارروائی کرکے درکاربیک اپ فراہم کیا جس کے نتیجے میں اس سنگین صورتحال سے چند منٹوں میں ہی نمٹا گیا بصورت دیگراگر ان دہشت گردوں کو بہادر سیکورٹی گارڈز اور پولیس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا نہ ہوتا تو وہ باآسانی اسٹاک ایکسچینج کے احاطے میں داخل ہوکر اپنے ناپاک عزائم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے۔ تمام سیکورٹی گارڈز اور پولیس والوں کی حب الوطنی، وفاداری اور سرشاری کے جذبے پر انہیں انعامات سے نوازا جائے جس سے یقینا دوسروں کو بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی حوصلہ افزائی ہو گی ۔ سراج تیلی اور آغا شہاب نے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو بھی معاوضے دیے جائیں۔