نااہلی اور عوام پر ظلم ‘ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے‘ حافظ نعیم

665
کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن جے آئی یوتھ کے تحت طویل بجلی بندش کیخلاف اسٹارگیٹ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی، سخت گرمی ،کورونا کی وبا اور بعض علاقوں میں لاک ڈائون کے دوران بھی عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میں ناکامی اور اووربلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے باعث اسے فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے ، اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور اس کے تحت کے الیکٹرک کے معاملات چلائے جائیں،کے الیکٹرک نے عوام پر ظلم بند نہ کیا تو ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔عوام عدالت عظمیٰ پر اعتماد کرتے ہیں ۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف عدالت عظمیٰ میں 2سال سے زیر التوا کیس کی سماعت کو یقینی بنایا جائے اور کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات دلائی جائے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے سب سے زیادہ فائدہ کے الیکٹرک کو فراہم کیا۔وفاقی حکومت میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی دونوں موجود ہیں،پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بھی کے الیکٹرک کے معاملات میں خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے تحت کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکردگی، سخت گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے خلاف اسٹار گیٹ شارع فیصل پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے میں کے الیکٹرک کی ظلم و زیادتیوں اور حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائے گئے۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جس پر تحریر تھا کہ کے الیکٹرک جواب دو ظلم کا حساب دو،لوڈشیڈنگ بند کرو ،اووربلنگ ختم کرو، بھتا مافیا ، تانبا چور کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم ابدالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ2017ء میں کے الیکٹرک کو گیس کی بحالی کے لیے ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی کراچی آئے اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ کے الیکٹرک کی ہمیشہ تمام جماعتوں اور حکومتوں نے سرپرستی کی ہے ۔کے الیکٹرک کا پورا سسٹم تباہ حال ہے۔ کے الیکٹرک سالانہ اربوں روپے کا منافع کمارہا ہے لیکن عوام کو بجلی کی سہولت فراہم نہیں کررہا۔ اووربلنگ کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر چارجز لگاکر بھیجے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے فرنس آئل اور گیس ،دونوں پر پلانٹ چلائے جائیں۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح کے الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومت دونوں کے الیکٹرک کے ساتھ ہیں اور عوام پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔ کراچی میں بجلی کے ساتھ بے شمار مسائل ہیں۔ شہریوں کا کوئی پُرسان حال نہیں ۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل کے حل کی تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ جماعت اسلامی ہر صورت میں عوامی مسائل کے حل اور کے الیکٹرک کے ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی ۔ ہاشم ابدالی نے کہا کہ شہر کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ شہر کراچی ملک کو 70 فیصد ریونیو جرنیٹ کرنے والا شہر ہے۔ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام پر لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ کا ظلم ڈھایا ہوا ہے۔ کے الیکٹرک عوام پر ظلم بند کرے اور اپنا قبلہ درست کرے ورنہ ہم زبردست احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔