پائلٹس کے جعلی لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری( شہری ہوا بازی کے 5افسران کیخلاف تحقیقات)

422

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وفاقی کابینہ نے پی آئی اے پائلٹس کے جعلی لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے مطابق شہری ہوابازی کے 5افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بدھ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے سمیت اہم امور پر غور کیا گیا ۔موجودہ حکومت میں بدعنوانی سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر بحث ہوئی۔ کابینہ نے کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سمیت 3منصوبوں کی منظوری دے دی جب کہ ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجراء کا معاملہ موخر کردیا۔وفاقی کابینہ نے عثمان ناصر کو ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ تعینات کرنے ،ایس ای سی پی کے آڈٹ کے لیے ہارورتھو حسین چودھری کمپنی کی خدمات حاصل کرنے ، مرغذار چڑیا گھر اسلام آباد کا انتظامی کنٹرول وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو دینے اورارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق قواعد میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے تمام صوبوں میں منظم طریقے اور سیاسی تفریق کے بغیر کام یقینی بنانے کے لیے صوبائی فنانس کمیشن کو فعال کرنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشنز(ای او بی آئی) کی پنشن میں 2ہزاور روپے اضافے کی منظوری دی، اب ای او بی آئی کے پنشنرز کو6ہزار500 کے بجائے 8ہزار 500پنشن ادا ہوگی۔وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سر پر کھڑے ہیں، ہم متحد ہوکر ہی عالمی اور قومی سطح کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔عمران خان نے کابینہ ارکان کو متحد ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا مشورہ دے دیا ۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔ اراکین کی رائے تھی کہ پائلٹس کی ڈگری کا معاملہ مس ہینڈل کیا گیا۔ اجلاس میں پائلٹس کے خلاف کارروائی کے لیے تفصیلی سمری دوبارہ طلب کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت ہوا بازی کو معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے سمری کابینہ کو بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مشکوک پائلٹس کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں، باقی جو پائلٹ جہاز اڑا رہے ہیں، وہ 100فیصد کلیئر ہیں، تمام ایئر لائنز کے اسٹاف کی ڈگریوں کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ شہری ہوابازی کے محکمہ میں اصلاحات لائی جائیں گی، ہم جو بھی کریں گے قانون کے مطابق کریں گے، مشکوک لائسنسز کا فرانزک کرایا جائے گا۔ تمام مشکوک لائسنس کے حامل پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن کے 5 افسران کے خلاف انکوائری شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ منصوبوں کی توثیق کی جس سے سستی بجلی منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، ان منصوبوں سے سرمایہ کاری آئے گی اور مہنگے پلانٹس بند ہو جائیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں پیسوں کا ضیاع روکنے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے، خسرو بختیار کی سربراہی میں قائم یہ کمیٹی 90 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مائنس ون اپوزیشن کی ذہنی اختراع ہے، اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، عمران خان نے 22 سال جدوجہد کی، بلاول نے آج تک کیا کیا ہے؟ وراثت میں ان کو چیئرمین شپ ملی جبکہ شہباز شریف کورونا کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشن کے اجراکی منظوری دے دی۔ بدھ کو یہاں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ٹائیگر فورس کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشن کے اجراء پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔