ملک بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 8.59فیصد تک پہنچ گئی‘ سرکاری اعداد وشمار

293

اسلام آباد(آئی این پی )سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ جون 2020 ء کے مہینے میں مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جون 2020ء میں مہنگائی 8.59فیصد تک پہنچ گئی جب کہ مئی میں یہ شرح 8.2 تھی اور جون 2019 ء میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد تھی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مالی سال 2019-20ء میں مہنگائی کی شرح 10.74 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق جون میں انڈوں کی قیمت میں 21.7، ٹماٹر کی قیمت میں 13 فیصد، آٹا 12فیصد، گندم 10.83فیصد، مصالحہ جات 5.4فیصد اور سبزیاں 4فیصد مہنگائی ہوئیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون میں سالانہ بنیاد پر شہر ی علاقوں میں آلو 72فیصد، دال مونگ71فیصد، دال ماش46فیصد، انڈے 44 فیصد، دال مسور 34 فیصد، آٹا 24فیصد،مصالحہ جات 29 فیصد، گھی 24 فیصد، ٹماٹر 13.9، کوکنگ آئل 20فیصد جب کہ فرنیچر کا سامان 10 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق اس کے علاوہ ایک سال میں گیس 54فیصد مہنگی ہوئی جبکہ ایک سال میں تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں 12فیصد اضافہ ہوا۔