پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ انتظامیہ کا اختیار ہے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ

194

اسلام آباد(نمائندہ جسارت +صباح نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمداسلم کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا ۔عدالت نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے ۔ کیونکہ روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمت کا تعین انتظامیہ کا دائرہ اختیار ہے اور عدالتوں کو انتظامیہ کے دائرہ کا ر میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے ۔ عدالت نے 7صفحات پرمشتمل تحریری حکم جاری کیا ہے اور فیصلے کی وجوہات دیتے ہوئے لکھا ہے کہ درخواست گزارنائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اٹھایا تھا لیکن اشیا کی قیمتوں کے تعین میں متعدد فیکٹرز شامل ہوتے ہیں اور یقینی طور پر اس میں مارکیٹ میں موجود طاقتوں کی ہدایات بھی ہوتی ہیں اس کا براہ راست تعلق معیشت اور انتظامیہ کی پالیسیوں سے ہوتا ہے۔ اس لیے یہ معاملہ ریاست کے ایک ستون انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔ انتظامیہ کی سربراہی عوام کے منتخب نمائندے کرتے ہیں اور منتخب نمائندے اپنی پالیسیوں اور ان کے اثرات کے حوالے سے عوام کو جوابدہ ہیں ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ اس درخواست کو قابل سماعت قراردینا آئین میں دیے گئے عدالتی اختیارات سے تجاوز اور انتظامیہ کے اختیارات میں مداخلت کے مترادف ہوگا۔ یہ معاملہ مکمل طور پر انتظامیہ کا اختیار ہے اس لیے درخواست میں کی گئی استدعا کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔ چیف جسٹس کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم اپنے وکیل رائو عبد الرحیم کے ساتھ پیش ہوئے ۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ حکو مت کی جانب سے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے ،حکو مت کے اس فیصلے سے عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا دیا گیا ہے ، ہمارے وزیر اعظم ملک سے ہر طر ح کا مافیا کا خا تمہ کرنے کا عزم کر کے آئے تھے مگر لگتا ہے کہ وہ خود مافیا کا حصہ بن گئے ہیں ، ایک ہی رات میںپیٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے اضافہ کر کے بین الاقوامی ریٹ کا فائدہ عوام تک پہنچنے نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کر ے مگر حکومت عوام کو لوٹنے کا کو ئی مو قع ہا تھ سے نہیںجا نے دیتی ،عوام ایک لیٹر پیٹرول پر 45روپے ٹیکس دے رہے ہیں ۔میاں محمد اسلم نے کہاکہ حکومت قانونی طور پر اوگرا کی سفارش کے بغیر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کر سکتی ،حکو مت نے نہ ہی اوگرا کو قیمتوں میں اضا فے کی سمری بھجوائی نہ کابینہ سے منظوری لی گئی اور نہ ہی اس کا کو ئی نو ٹیفکیشن کیا گیابس ایک پریس ریلیز کے ذریعے پیٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فہ کر دیا گیا ، پی ٹی آئی حکو مت کے دور میںہر چیز مافیا کے کنٹرول میں ہے جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو ئی تو ملک میں پیٹرول نایاب کر دیا گیا ،اسی طر ح آٹا، چینی اورد یگر اشیا کو ذخیرہ کر کے مہنگے داموں فرو خت کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر تاجر رہنما محمد کاشف چودھری ، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر اور سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی، ضیا احمد راجا بھی اُن کے ساتھ تھے ۔