ٹیسٹنگ کٹس بھی ملک میں تیار کی جائینگی،وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

214

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ فیصل آباد یونیورسٹی کو ماسک کی تیاری کے لیے ہر قسم کی سہولیات فراہم کردی ہیں، بڑی تعداد میں ٹیسٹنگ کٹس بھی پاکستان میں ہی تیار کی جائیں گی۔ 60 دن میں مقامی طورپر وینٹی لیٹرز کی پیداوار مکمل کردیں گے، وینٹی لیٹرز کی مقامی کھپت مکمل ہونے کے بعد برآمد سے متعلق سوچیں گے ، وینٹی لیٹرز چلانے کے لیے تربیتی گروپ تشکیل دیا گیا ہے، رضاکاروں کی ٹیم مختلف اسپتالوں میں جاکر کام کرے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ملک میں 26فروری کو کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا اس وقت ہم پاکستان میں اس حوالے سے کوئی چیز بھی نہیں بنارہے تھے آج کورونا سے متعلقہ 100 ملین کے آلات برآمد کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نسٹ یونیورسٹی اور ایک نجی کمپنی نے دو الگ الگ ٹیسٹنگ کیٹس بنائی ہیں نجی کمپنی کی تیار کردہ ٹیسٹنگ کٹ منظوری کے لیے ڈریپ کو بھیجی ہے ، نجی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بنائی کٹ 45 منٹ میں رزلٹ دیتی ہے۔ یہ کٹ لوگوں اپنا ٹیسٹ خود کرنے کے لیے گھروں میں دستیاب ہوگی۔ نسٹ یونیورسٹی کی ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری مل چکی ہے ۔ نسٹ یونیورسٹی سے کٹ کا کمرشلائزیشن کا معاہدہ اگلی بدھ جمعرات تک ہو جائے گا جس کے بعد ہم بڑی تعداد میں ٹیسٹنگ کٹس خود تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این 95 ماسک بھی ہم پاکستان میں بنانا شروع ہوگئے ہیں، فیصل آباد یونیورسٹی کو ماسک کی تیاری کے لیے ہر قسم کی سہولیات فراہم کردی ہیں۔