پی ٹی آئی رہنماء کی بہن نے سندھ اسمبلی میں ٹِک ٹَاک ویڈیو بنا ڈالی

1030

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی طاہرہ دعا بھٹو کی بہن نے سندھ اسمبلی میں ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسمبلی میں ٹِک ٹَاک ویڈیو بنا ڈالی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے اپنی بہن کی جانب سے وڈیو بنانے پر معذرت کرلی ہے ، مختلف گانوں پر ٹک ٹاک ویڈیو سندھ اسمبلی کی لابی میں بنائی گئی جو منظر عام پر آئی تو معلوم ہوا کہ ٹک ٹاک ویڈیو اقرا بھٹو نامی اکاؤنٹ سے اپ لوڈ کی گئی ہے جو سندھ اسمبلی کے جاری سیشن میں مہمان گیلری میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی کے باوجود بنائی گئی جو سندھ اسمبلی کی سیکیورٹی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

خاتون ٹک ٹاک ویڈیو بناکرچلتی بنیں، ٹک ٹاک وڈیو کے حوالے سے دعا بھٹو نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ اقرا بھٹو میری بہن ہے اس نے ناسمجھی میں ویڈیو بنائی ہے میں اپنی بہن کو سندھ اسمبلی اجلاس کی کوریج دیکھنے کیلئے لائی تھی تاہم انھیں ویڈیو بنائے جانے کے بارے میں علم نہیں تھا۔

سندھ اسمبلی لابی میں ٹک ٹاک وڈیو وائرل ہونے کے حوالے سے سندھ کے وزیر برائے پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی سے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے جس پر اسپیکر نے معاملے کی انکوائری کرانے کا حکم دے دیا ہے۔