اس سال صوبے میں 100 فیصد صحت کارڈ جاری کردینگے، شوکت یوسفزئی

214

پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اس سال بجٹ میں صوبائی سطح پر 100 فیصد صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ تمام بی ایچ یو، ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو کو اپ گریڈ کیا جائے گا جس کیلیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے، تعلیم اور صحت ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعلیٰ محمود خان دورافتادہ علاقوں میں واقع صحت مراکز کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال الپوری ضلع شانگلہ کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسپتال میں جاری کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ شوکت یوسفزئی نے اسپتال کیلیے نئی ایمبولنس مہیا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان چاہتے ہیں کہ اسپتالوں میں موجود کسی بھی قسم کی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ غریب عوام کو سہولیات قریب تر میسر ہوں۔ شوکت یوسفزئی کو ڈاکٹر شریف اللہ ثاقب نے اسپتال کے مسائل کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی، جس پر انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔