گورنر سندھ اور حافظ نعیم نے الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا

533
کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ الخدمت کی کورونا ٹیسٹ لیب کا افتتاح کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے امیرجماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ الخدمت اسپتال ناظم آباد میں کوویڈ 19الخدمت کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا۔الخدمت ڈائیگنوسٹک پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروفیسرنائلہ طارق نے کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہاکہ کورونا وائرس ٹیسٹ کا آغاز جمعہ 3جولائی سے ہوگا ،مخیر حضرا ت اور کارپوریٹ پاکستان گروپ کی پارٹنرشپ سے لیب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اگلے مرحلے میں ریسرچ اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیکل سروسزالخدمت اظہر چغتائی نے عمران اسماعیل کو گلدستہ پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے عمران اسماعیل کو لیب کا دورہ بھی کرایا۔تقریب سے کارپوریٹ پاکستان گروپ کے بانی اظفر احسن،الخدمت ڈائیگنوسٹک کمپلیکس گورننگ باڈی کے چیئرمین ہارون قاسم ، ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سینٹرز الخدمت انجینئر صابر احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت صرف فلاحی نہیں بلکہ ایک امانتدار اور دیانتدار ادارہ ہے،کورونا وائرس ٹیسٹ ایک عام انسان کے لیے بہت مشکل ہوگیا ہے ،الخدمت کے تحت قائم لیب سے عام شہری بھی کورونا ٹیسٹ با آسانی کراسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ الخدمت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کورونا ٹیسٹنگ لیب قائم کی ، اگر فنڈز کو امانت داری سے خرچ کیا جائے تو محدود وسائل بھی خدمت کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ اظفر احسن نے کہاکہ کارپوریٹ پاکستان گروپ الخدمت کے ساتھ ہے،وفاقی حکومت کو بھی چاہیے کہ پروجیکٹ میں الخدمت کے ساتھ تعاون کرے۔ہارون قاسم نے کہاکہ شہر میںکوروناوائرس سمیت دیگر وائرس بھی آتے رہیں گے ایسے میں ہم سب کی ذمے داری ہے کہ مل کر کام کریں،الخدمت کے تحت لیب کے قیام کے ساتھ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا کام بھی کیا جائے گا،کارپوریٹ پاکستان گروپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 30 ملین روپے لیب کے لیے جمع کرائے ،الخدمت بغیر کسی منافع کے عوام کی خدمت کے لیے کام کررہی ہے،الخدمت نے ابھی صرف کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب قائم کی ہے اس کے بعد ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا بھی آغاز کیا جائے گا، کورونا وائرس ٹیسٹ کی لاگت 4500 روپے تک آئے گی لیکن الخدمت کے تحت صرف 3000 روپے میں کورونا وائرس ٹیسٹ کیا جائے گا۔نائلہ طارق نے کہاکہ بیالوجی لیبارٹری کھولنے کا مقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے،ہم نے لیول تھری لیبارٹری قائم کی ہے جس کا ٹیسٹ کسی بھی لیبارٹری سے چیک کرایا جاسکتا ہے، ہم نے الخدمت کے تحت ریسرچ ڈیٹا کے لیے لیب بنائی ہے تاکہ ہم گورنمنٹ کی مدد کرسکیں،الخدمت کورونا وائرس ٹیسٹ میں عوام کے نارمل ریٹ پر ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔جس کی رپورٹ 24 گھنٹے میں دے دی جائے گی،الخدمت عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ ہیومن ریسورس کی استعداد بھی بڑھائے گا ،الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب کے قیام میں پاکستان بھر کے مخیر حضرات نے تعاون کیااور ہم وفاقی حکومت سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ عوام کی خدمت کے لیے الخدمت کے ساتھ تعاون کرے۔