بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر دوسرے روز بھی فائرنگ‘15سالہ بچہ شہید

182

چناری(آن لائن )بھارتی فوج کی دوسرے روز بھی لائن آف کنٹرول کے لیپہ سیکٹر کی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری و فائرنگ 15 سالہ بچہ شہید۔ مقامی لوگ کئی گھنٹوں تک زیر زمین مورچوں میں پناہ لینے پر مجبور رہے۔ پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں جس کے بعد مقامی لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔گزشتہ صبح بھارتی فوج نے وادی لیپہ کی ڈھوک ڈنہ پر بلا اشتعال گولہ باری شروع کر دی تھی،جہاں15 سالہ محمد توحید ولد محمد اسماعیل سکنہ تلہ واڑی شہید ہو گئے۔ بھارتی جارحیت سے چننیاں بازار مکمل طور پر بند ہو گیا۔ گزشتہ شام بھی بھارتی فوج نے وادی لیپہ کے سرحدی دیہات چننیاں میں ایک مسافر جیپ پر فائرنگ کر کے جیپ ڈرائیور محمد صغیر ولد منگتا سکنہ لبگراں کو زخمی کر دیا تھا جسے ایم ڈی ایس لیپہ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ڈھوک ڈنہ میں فون کی سہولت نہ ہونے سے مزید تفصیلات تاحال موصول نہیں ہو پائیں۔