کورونا ٹیسٹنگ، مزید 6 کھلاڑی قومی اسکواڈ جوائن کرنے کے اہل

714

لاہور: کورونا وائرس کے ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آنے پر6 کھلاڑی وورسٹر شائر میں اسکواڈ کو جوائن کرنے کے اہل ہوگئے.

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی جانب سے دوسری مرتبہ کرائے گئے کورونا ٹیسٹنگ میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کے 3روز میں کوویڈ19 کے 2 ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔

لہٰذا یہ تمام کھلاڑی اب وورسٹر شائر میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے اہل ہیں۔

واضح رہے کہ تمام کھلاڑیوں کی ری ٹیسٹنگ 29 جون کو کی گئی تھی جبکہ اس سے قبل 26 جون کو کیے گئے ٹیسٹ میں بھی ان 6 کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے تھے.

یاد رہے پی سی بی کی جانب سے پہلے کرائے ٹیسٹ میں سابق کپتان محمد حفیظ کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انھوں نے پرائیوٹ لیباٹری سے ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا تھا جس کے بعد پی سی بی کی کرائی گئی ٹیسٹنگ پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے تھے.