گورنر سندھ نے الخدمت اسپتال میں کورونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا

1048

کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے الخدمت اسپتال ناظم آباد میں قائم کی گئی کورونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا۔

 الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، لیب میں عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی فیس 3000 روپے رکھی گئی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ الخدمت کے طبی مراکز عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیب سے خصوصا کراچی وسطی اور غربی کے اضلاع کے عوام کو کورونا کے ٹیسٹ کو سہولت حاصل ہوگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ لیب کو نفع نہ نقصان کی بنیاد پر چلانا خوش آئند ہے جبکہ اصل لاگت سے 1500 روپے کم یعنی 3000 میں کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے پر اسپتال انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، اس کے جلد خاتمہ کے آثار نہیں ہیں، کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے،حفاظتی سامان کی فراہمی سے اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو فرائض کی بہتر ادائیگی میں مدد ملے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صحت کے مراکز میں طبی عملہ کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز ، طبی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا  کہ صوبہ میں سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں، خصوصاً صحت کے شعبہ میں کام کرنے والی این جی اوز کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ان میں الخدمت کا نام بھی آتا ہے۔

صوبہ کے تین اسپتالوں کو وفاق کے حوالے کئے جانے کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت وفاقی حکومت ان اسپتالوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو صحت کی مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔