شاہ زین بگٹی بجٹ پاس کروا کر بلاول زرداری سے ملنے پہنچ گئے

172

اسلام آباد (آن لائن) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا شروع کردیا، قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ دیا جبکہ بجٹ منظور ہوتے ہی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے پاس چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی نے پیر کو زرداری ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری سے ملاقات کی، جس میں بلاول نے ان سے شکوہ کیا کہ آپ نے تو ہمارے ساتھ چلنے کا وعدہ کیا تھا مگر آپ رات کو وزیراعظم کے عشائیے میں چلے گئے اور آج بجٹ پاس کرانے میں حکومت کا ساتھ دیا۔ شاہ زین بگٹی نے یقین دلایا کہ وہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کی طرف ہیں اور آنے والے دنوں میں پارٹی کی مشاورت کے بعد اپنا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات حل نہ کیے تو میں اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ ان کے ساتھ وعدہ کیا گیا ہے کہ حکومت ان سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ بلاول نے کہا کہ آپ حکومت یا اپوزیشن میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کریں، میری خواہش ہے کہ آپ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنیں کیونکہ اس حکومت نے عوام کو مسائل کے علاوہ کچھ نہیں دیا، ملک بحرانوںکا شکار ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
شاہ زین بگٹی