موساد اور شاہ اُردن کے درمیان پرآسرار ملاقات

1002

اسرائیلی انٹیلی جینس موساد کے چیف یوسی کوہن نے اُردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم سے ملاقات کی اور مغربی کنارے پر اسرائیل کے قبضے سے متعلق وزیر اعظم بینجیمن نیتن یاہو کے پیغام سے آگاہ کیا۔

اسرائیلی خبررساں ادارے کے مطابق موساد کے چیف نے شاہ اُردن سے ملاقات کی اور  مغربی کنارے پر اسرائیل کے قبضے سے متعلق بینجیمن نیتن یاہو کے پیغام سے آگاہ کیا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ پیغامات کیا تھے۔

شاہ عبداللہ اور موساد کے درمیان یہ ملاقات اُس وقت سامنے آئی ہے جب اُردن اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کی سخت مذمت کررہا ہے جبکہ مغربی کنارے پر اسرائیل کا قبضہ 1994 میں اُردن اور اسرائیل کے مابین ہوئے امن معاہدے کو بھی خطرے میں دال سکتا ہے۔

شاہ عبداللہ نے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ اگر اسرائیل مغربی کنارے پر قبضہ کرتا ہے تو اُردن کی حکومت کو وسیع پیمانے پر تنازعات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اعلیٰ قیادت کے حکام کا اجلاس ہوا تھا جس میں اسرائیل کو مغربی کنارے سے متعلق اپنی پلاننگ پر عملدرآمد کرنے کی اجازت دئیے جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا اور اجلاس برخاست کردیا گیا تھا۔