سابق فرانسیسی وزیراعظم اور اہلیہ کو قید کی سزا

1418

پیرس:فرانس کی عدالت نے سابق وزیراعظم فرانسوا فییون اور ان کی اہلیہ  پینیلپی فییون کو جعلی نوکری  کے مقدمے میں قید اور جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عدالت نےسابق وزیراعظم فرانسوا فییون اور ان کی اہلیہ  پینیلپی فییون کو دھوکا دہی اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کاالزام ثابت ہونے پر قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو 5 سال قیداور 4 لاکھ یورو جرمانہ اور ان کی اہلیہ کوشریک جرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید اور پونے 4 لاکھ یورو جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

سابق وزیراعظم آئندہ 10 سال تک کوئی بھی منتخب عوامی عہدہ اپنے پاس رکھنے کے لیے بھی نااہل ہوگئے ہیں۔

سابق وزیراعظم پر الزام تھا کہ انہوں نے 1990ء سے لے کر 2000ء کے دوران بطور  رکن پارلیمنٹ اپنی اہلیہ کواپنا  پارلیمانی معاون ظاہر کیا جس کے بدلے ان کی اہلیہ کو سرکاری خزانے سے لاکھوں یورو ادا کیے گئے حالانکہ ان کی اہلیہ نےکبھی بھی ان کےمعاون کے طور پر کام نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم 2017 میں  ملکی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل اہم امیدوار تھے تاہم جعلی نوکری اسکینڈل سامنے آنے پر وہ اس ریس سے باہر ہوگئے تھے۔