پورا ملکی نظام مافیا کے کنٹر ول میںہے،سینیٹر مشتاق خان

253

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بین الاقومی مارکیٹ میں تیل کی موجودہ قیمت 41 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے اور ایک بیرل میں 159 لیٹر تیل ہوتا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ کے حساب سے پٹر ول حکومت پاکستان کو 51 روپے میں پڑتا ہے جبکہ حکومت اس وقت 50 روپے فی لیٹرمنافع کما رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ثمرات ابھی پوری طرح قوم کو ملے بھی نہیں تھے کہ حکمرانوں نے ایک اور یو ٹرن لے لیا۔ ہوشر با اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ تحریک انصاف اور اس کے حواریوں نے قوم کو بہت مایوس کیا ہے۔ جائز ٹیکسز کے بعد حکومت فی لیٹر 64 روپے مقرر کرے۔ پورا ملکی نظام ہی مافیا کنٹرول کررہا ہے۔ عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ مسترد کرتے ہیں ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ مہنگائی ، بے روزگاری اور کاروباری نظام ٹھپ ہونے سے غریب پس گیا ہے اور سفید پوش طبقہ کی سفید پوشی کا بھرم ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کا حصول کامیابی کی ضمانت نہیں ہے، یہ عجیب و غریب معاہدہ ہے کہ پارلیمنٹ اور کابینہ بے خبر ہیں اور یہ بھی یقین ہے کہ وزیر اعظم کے دائرہ سے بھی باہر ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کی ٹیم منصوبہ سازی کے ساتھ عوام کا خون نچوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تبدیلی کھوکھلی ثابت ہوئی ہے۔ عوام کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف نہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت اخباری اور ٹویٹر بیانات پر چل رہی ہے۔ عملاً ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔