ایک کھانا کھلانے سے اکثریت نہیں مل سکتی، رانا ثنا اللہ

245

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایک کھانا کھلانے سے اکثریت نہیں مل سکتی، حکومت کیلیے بجٹ کی منظوری ممکن نہیں، عمران خان معمولی اکثریت سے بھی محروم ہوچکے ہیں، عشائیہ ان کیلیے مزاحیہ فیصلہ ہوسکتا ہے، پیٹرولیم اور چینی مافیا عمران خان کی پناہ میں ہے، ملک میں نہ حکومت ہے اور نہ احتساب کا ادارہ۔ ’’صباح نیوز‘‘ سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ بہت جلد ن لیگ کی میزبانی میںہونے والی اے پی سی میںحکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مشترکہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ درجنوں حکومتی ارکان اپنے سیاسی مستقبل کیلیے مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونا چاہتے ہیں مگر اس کا فیصلہ نواز شریف کریںگے۔ حکومت کے خاتمے کیلیے اپوزیشن کے بجائے حکومت کامنفی کردار، حکومتی اتحادی اور بعض حکومت کے اپنے ارکان ہی مؤجب بن سکتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں ن لیگ کو حکومت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں، مڈٹرم الیکشن اور فریش مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔ عمران خان مستعفی ہوں یا انہیںعدم اعتماد سے فارغ کردیا جائے مسلم لیگ(ن) ان کی جگہ بھی نہیں لینا چاہتی۔ عبوری سیٹ اپ کیلیے پی ٹی آئی یا اتحادی جماعت سے کوئی بھی باوقار اور تکبر نہ رکھنے والا وزیراعظم بن سکتا ہے۔