سید منور حسن مھنت کشوں کے ہمدرد تھے

279

 

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے اسلام آباد سے پچیس گھنٹے کا طویل سفر کر کے کراچی پہنچے۔ نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ سید منور حسن کی رحلت کو ملک و قوم کا عظیم نقصان ہے۔ سید منور حسن عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے۔ انھوں نے امت کے اتحاد اور اخوت کے لئے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام کیا اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو ہمیشہ بے نقاب کیا۔ ان کے بیانیے کو ہمیشہ تسلیم کیا گیا اورانھوں نے کبھی اصولوں پر کوئی سودے بازی نہیں کی۔ عالم اسلام اور پوری مزدور تحریک آج یتیم ہوگئی ہے اور غریبوں کا سچا مسیحا آج انھیں چھوڑ کر چلا گیا ہے ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان، جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال و دیگر ذمہ داران محمد خالق ،محمد سلیم ،رضوان علی ،مناظر الحسن، صغیر احمد خان ،امیر روان و دیگر نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔اس موقع پر این ایل ایف کی ملحقہ یونینز کے ذمہ داران اور کارکنان کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید منورحسن سچے اور پکے پاکستانی اور دین اسلام کے مجاہد تھے ۔انھوں نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر طاغوتی قوتوں کو للکارااور کسی انجام کی پرواہ کیے بغیر باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور ساری دنیا کے سامنے ان کا گھنائونا چہرہ بے نقاب کیا اور اہل کراچی کو حوصلہ اور جرات فراہم کی ۔سید منور حسن کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکے گی ۔قاسم جمال نے کہا کہ منورحسن نے شائستگی کی سیاست کو پروان چڑھایا اور نوجوانوں کو اپنا ہمنوا اور گرویدہ بنایا ۔سید منور حسن کی قربانی اور خدمات رنگ لائیں گی اور پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا ہوگا۔
صبح منور، شام منور، روشن تیرا نام منور۔ سید منور حسن محنت کشوں کے ہمدرد تھے جو اب اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے تربیتی پروگرام میں منور حسن کی ضرور بلایا جاتا تھا۔ منور حسن مزدوروں کے پروگرام میں تشریف لاتے۔ مرحوم اپنی تقریر میں مزدور حقوق حاصل کرنے کے لیے اتحاد کی طاقت سے جدوجہد کرنے پر زور دیتے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی اینٹی نجکاری کانفرنس منصورہ لاہور میں منعقد ہوئی جو بہت کامیاب پروگرام تھا۔ ان کی نماز جنازہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے ٹیکسلا سے شرکت کی۔
VOICE آف پاکستان اسٹیل کے رہنما مرزا مقصود نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے ایماندار لوگ اٹھتے جارہے ہیں۔ منور حسن ایک ایماندار سیاستدان تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست میں لوٹ مار کرنے والے افراد معزز ہوگئے ہیں۔
IUFکے مزدور رہنما محمد عثمان نے کہا ہے کہ منور حسن کی وفات سے ملک ایک شریف اور بااصول سیاستدان سے محروم ہوگیا۔ منور حسن صاحب انتہائی شریف النفس انسان تھے، اُن کی وفات سے ایک ایسا خلا ہوگیا ہے جو مشکل سے پھر ہوگا۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ اُن کے پاس ہم جب بھی اپنا کوئی مسئلہ لے کر گئے مرحوم نے ہمیشہ توجہ سے سنا اور اُسے حل کرنے کی کوشش کی۔
پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی،جنرل سیکرٹری سید فیاض علی شاہ،سینئر نائب صدر لعل بخش کلہوڑو،انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری لیاقت علی خان مگسی نے ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی اپنے نظریات کے مطابق سیاست کی اور جماعت اسلامی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے شب و روز کام کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک شریف النفس انسان تھے اور انہوں نے زندگی کے آخری لمحات تک شرافت کی سیاست کو فروغ دیا۔حبیب الدین جنیدی نے مرحوم کے بلندء درجات کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔