این ایل ایف محنت کشوں کو تنہا نہیں چھوڑے گے‘خالد خان

219

نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کی ملحقہ یونینز کا اہم اجلاس لانڈھی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کی جبکہ اجلاس میں این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال ،نائب صددور محمد خالق، محمد سلیم ،آرگنائزنگ سیکرٹری رضوان علی، جوائنٹ سیکرٹری امیر روان اور ارشاد علی بھٹو نے شرکت کی۔ جبکہ این ایل ایف کی ملحقہ یونینز میں میرٹ پیکیجز کے شہادت علی، مسرور احمد، محمد عامر، پیکسار یونین کے فرقان احمد انصاری ،لوڈز کے احمد حسن، آدم جی انجینئرنگ کے محمد عادل و دیگر نے شرکت کی ۔خالد خان نے کہا کہ کورنگی لانڈھی بن قاسم صنعتی زونز ایشیا کے سب سے بڑے صنعتی زون ہیں اور یہاں محنت کشوں پر سب سے زیادہ ظلم کیا جا رہا ہے ۔یہاں کی فیکٹریوں میں چھ چھ ہزار محنت کش کام کر رہے ہیں اور ای او بی آئی اور لیبر ڈائریکٹر میں رجسٹرڈ محنت کش صرف تین سو ہیں اور محکمہ محنت کی سرپرستی میں غریب محنت کشوں کا استحصال کیا جارہا ہے۔ سوشل سیکورٹی ہسپتال
لانڈھی میں کرپشن کی انتہا ہے اور رجسٹر محنت کشوں کو علاج کیلئے مشکلات کا سامنا ہے جبکہ غیر رجسٹر افراد کو وی آئی پی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن اب کورنگی لانڈھی بن قاسم میں بھرپور طریقے سے سرگرمیاں کرے گی اور اب محنت کشوں کے ساتھ استحصال اور ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا اور محنت کشوں کو بھرپور قانونی اور اخلاقی مدد کی جائے گی ۔اس سلسلے میں انھوں نے میرٹ پیکیجز کے شہادت علی کو نیشنل لیبر فیڈریشن بن قاسم ،کورنگی ،لانڈھی مزدور ایکشن کمیٹی کا صدر مقر ر کیا اور پوری طور پر مشاورت کے ساتھ ایکشن کمیٹی کی تنظیم مکمل کرنے کی تاکید فرمائی۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے قیام سے کورنگی لانڈھی بن قاسم کے محنت کشوں کے مسائل حل ہوں گے۔ رضوان علی نے کہا کہ این ایل ایف ایک طاقت اور قوت بن چکی ہے اور محنت کشوں کے مسائل کے حل کیلئے پوری قوت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ محمد خالق نے کہا کہ جدوجہد کے ذریعے ہی مسائل حل ہوں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ این ایل ایف اب محنت کشوں کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔ امیر روان نے کہا کہ سائٹ ایریا کی طرح کورنگی لانڈھی بن قاسم کے محنت کشوں کو منظم کریں گے۔ ارشاد علی بھٹو نے کہا کہ قربانی کے بغیر کبھی حقوق حاصل نہیں ہوتے۔نومنتخب ایکشن کمیٹی کے صدر شہادت علی نے کہا کہ یہ ذمہ داری ان کے لئے ایک امتحان اور آزمائش ہے ۔ان شاء اللہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے ذمہ داران کے اعتماد پر پورا اتروں گا اور کورنگی لانڈھی بن قاسم میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے پرچم تلے محنت کشوں کو متحد اور منظم کیا جائے گا۔
آخر میں آدم جی انجینئرنگ کے محمد عادل نے تمام شرکاء سے تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ کورنگی لانڈھی بن قاسم کے محنت کش مسائل اور مصائب کا شکار ہیں ۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ہی محنت کشوں کے مسائل حل کر سکتی ہے اور ہم ایکشن کمیٹی کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنائیں گے اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کیا جائے گا۔