حکومت نے ملکی تاریخ کا بدترین بجٹ پیش کیا‘ احمد خان

164

کراچی لیبر فیڈریشن کے صدر احمد خان، جنرل سیکرٹری محمد عرفان شیخ اور این ایل ایف کراچی کے سابق صدر عبدالسلام نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پیش کردہ بجٹ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا بدترین بجٹ پیش کیا ہے جس میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ حالانکہ موجودہ حالات میں حکومت دیگر ممالک اور مالیاتی اداروں سے اربوں روپے امداد وصول کررہی ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ کم از کم نچلے درجے بالخصوص گریڈ 1 سے 4 یا 5 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ کیا جاتا۔ اسی طرح پرائیوٹ ملازمین کی کم از کم اجرت اور EOBI پنشن میں بھی مناسب اضافہ کرنا چاہیے تھا لیکن حکومت نے اس طبقے کو سراسر نظر انداز کیا جو کہ ایک ظلم ہے۔ پورے ملک کی عوام اچھی طرح واقف ہے کہ پچھلے چند ماہ سے کچھ اشیا کی قیمت میں بالعموم اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بالخصوص جب کمی ہورہی ہے تو پیٹرول ناپید ہو کر رہ گیا ہے۔ پیٹرول پمپس پر ریگولر پیٹرول جو کہ 74 روپے لیٹر ہے ناپید ہے جبکہ 164 روپے لیٹر والا ہائی اوکٹین دستیاب ہے۔ اب حکومتی نمائندے یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے تو پیٹرول سستا کردیا اب مافیا گڑبڑ کررہی ہے جس سے یہ ثابت ہوا کہ مافیا بہرحال حکومت سے زیادہ طاقت ور ہے لیکن حکومت اور حکومتی نمائندے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ مافیا سے نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے نا کہ عوام کی۔ اس طرح کے بیانات جاری کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فی الفور کم از کم اجرت اور کم از کم EOBI پنشن میں مناسب اضافہ کرے اور لاک ڈائون کے دوران برطرف ملازمین کے سلسلے میں کوئی واضح قانون اور پالیسی بنائے۔