پاکستان وینٹی لیٹرز بنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا

1019

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الحمداللہ آج پاکستان وینٹی لیٹرز بنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ہر ملک اس پیچیدہ مشین وینٹی لیٹر کو بنانے کی اہلیت نہیں رکھتا، پاکستان کے انجینئرز نے بہت کمال کا کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے چند ماہ پہلے ہم نے اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا تھا، آج اس کی پہلی کھیپ تیار ہوگئی ہے اور ان شاء اللہ آیندہ ہفتے 8 سے 10 وینٹی لیٹر این ڈی ایم اے کے حوالے کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مزید وینٹی لیٹرز کے ڈیزائن پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب 26 فروری کو کورونا کا پہلا کیس پاکستان میں سامنے آیا، اس وقت ہم خود تیار نہیں کر رہے تھے، آج ہم اپنے وینٹی لیٹرز استعمال کریں گے اور بیرون ملک بھی بھیج سکیں گے۔