گورنر سندھ کی تعزیت کیلئے مرحوم سید منور حسن کی رہائش گاہ آمد

755

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن کی رہائش گاہ جاکر مرحوم کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سید طلحہ حسن سے اظہار تعزیت کیا اور سید منور حسن کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سید صاحب سیاست میں شرافت کا پیکر تھے اور ان کی راست گوئی ان کا سب سے بڑا وصف تھا،سیاست کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کی ترویج اور قرآن و حدیث کی تفسیر کے ضمن میں بھی سید صاحب نے نمایاں خدمات انجام دیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سید منور حسن کے سیاسی مخالفین بھی ان کی دیانت اور اصول پسندی کے معترف ہیں،ان کی رحلت ہر پاکستانی کا نقصان ہے اور سید منور حسن کے انتقال پر ہر پاکستانی افسردہ ہے،ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا ایک طویل عرصہ تک پر نہیں کیا جاسکے گا۔

گورنر سندھ نے دُعا کی کہ اللہ تعالی ان کے لواحقین اور معتقدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔