بارشوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے پیشگی حکمت عملی بنائی جائے

169

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ شہری آبادیوں کو مون سون کی امکانی تیز بارشوں کے نقصانات سے بچانے کے لیے پیشگی حکمت عملی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو، ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ، صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلدیات، حیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امکانی تیز بارشوں کے دوران سیلاب جیسی صورتحال اور دیگر نقصانات سے حفاظت کے متعلق کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا جائے اور رہ جانے والے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر وں سے بارش کا پانی نکالنے کا بندوبست کیا جائے، برساتی نالوں کی صفائی کرائی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کو بارشوں کے پانی سے حفاظتی مقامات تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں انسانی جانیں بچانے والی ادویات، ایمبولینس، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران بجلی کے نظام کو درست حالت میں رکھا جائے ریپڈ ریسپونس ٹیمیں بنائی جائیں تا کہ ضرورت کے وقت بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرسکیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے ضلعوں میں مون سون کے حوالے سے اجلاس کرکے رپورٹ لی جائے غفلت برتنے والے افسران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔