سید منور حسن سپرد خاک، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی شرکت

1373

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کو افسرہ و غمگین چہروں،اشک بار آنکھوں اور ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سخی حسن قبرستان میں پروفیسر غفور احمد مرحوم کے قریب سپردخاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی امامت میں عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین،دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنما مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد،جماعت اسلامی کے کارکنوں اور سید منورحسن سے محبت وتعلق رکھنے والے ہزاروں افرادنے شرکت کی اور مرحوم کی دینی وسیاسی،سماجی،تنظیمی،تحریکی وعلمی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

نماز جنازہ کے سلسلے میں عیدگاہ گراؤنڈ میں بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے۔دھوپ سے بچاؤ کے لیے شامیانہ لگایاگیا تھا اور داخلی راستوں پر اسپرے کیے جانے کے ساتھ سینی ٹائرز بھی فراہم جارہا تھا اور شرکاء نے ماسک بھی استعمال کیے۔عید گاہ گراؤنڈ کے اطراف میں ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ الخدمت کے رضاکار بھی ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف تھے۔

نماز جنازہ کے اس بڑے اور پروقار اجتماع سے سینیٹر سراج الحق، امیرکراچی حافظ نعیم الرحمن،اور نائب امیرکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر  جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امراء پروفیسر محمد ابراہیم،لیاقت بلوچ،راشد نسیم،اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،سکریٹری امیر العظیم،ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر،رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی،رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبد الرشید ترابی،شیخ القرآن والحدیث مولانا عبد المالک،مسلم لیگ ن کے نہال ہاشمی،خواجہ طارق نذیر،ایم کیو ایم کے عامر خان،پی ایس پی کے ارشد وُہرہ، جے یوپی کے قاضی احمد نورانی،قاری احمد علی،جے یو آئی کے ڈاکٹر خالد محمودسومرو، قاری محمد عثمان،مولانا غیاث،مولانا عمرصادق،این ایل ایف پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی،اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی،سید منورحسن کے قریبی دوست سعید عثمانی،جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری،صوبائی سکریٹری کاشف شیخ،جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید،جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبد الحق ہاشمی،تنظیم اسلامی کے شجاع الدین شیخ،شیعہ عالم دین علامہ صادق جعفری،کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی ودیگر شریک تھے۔