آن لائن کلاسز ، آئی ٹی ماہرین رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

613

کراچی: سندھ حکومت نے آن لائن کلاسز کیلئے آئی ٹی ماہرین رکھنےکا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر کے اسکول ڈائریکٹرز کو ہر ڈسٹرکٹ سے 8 آئی ٹی ماہرین رکھنے کی ہدایت کردی گئی، آئی ٹی ماہرین اساتذہ کو آن لائن کلاسز کیلئے  ٹریننگ دیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آن لائن کلاسز ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد ہی اساتذہ سرکاری اسکولوں کے بچوں کو پڑھا سکیں گے ، اساتذہ کو ٹریننگ روزانہ 2 سے 3 گھنٹے دی جائے گی جبکہ 28 جون تک تمام شہروں کے ڈائریکٹرز کو تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ  دنوں یکرٹری تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں کے لیے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چھٹی جماعت سے 12 ویں جماعت تک آن لائن کلاسز ہوں گی۔

یاد رہے کہ کورونا  وبا کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے گزشتہ 3 ماہ سے بند ہیں جبکہ طلباء کے امتحانات ملتوی کرکے انہیں اگلی جماعتوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔