سیف الاسلام قذافی طویل روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے

871

لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے صاحبزادے سیف الاسلام قذافی طویل روپوشی کے بعد ایک بار پھر منظر عام پر آگئے ۔

لیبیا کے سابق لیڈر مقتول کرنل معمر قذافی کے صاحبزادے سیف الاسلام قذافی کے منظر عام پر آنے کے بعد لیبیا میں ان کے حامیوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ لیبیا میں کرنل قذافی کے حامی طبقے اور قبائل نے سیف الاسلام کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

لیبیا کے اخبارات سے آنے والی خبروں کے مطابق سیف الاسلام روپوشی کے بعد ایک بار پھر سیاست میں متحرک ہونا چاہتے ہیں، جون 2017 میں زنتان میں جیل سے رہائی کے بعد سے سیف الاسلام منظر عام سے غائب رہے ہیں، سیف الاسلام کے والد کرنل معمر قذافی کو عوامی بغاوت کے نتیجے میں فروری 2011ء کونہ صرف اقتدار بلکہ جان سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گئے تھے۔

سیف الاسلام کو لیبیا کے متنازع شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے، وہ ایک طرف تو سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی کے سب سےبڑے صاحبزادے ہیں اور دوسری طرف ان پر عالمی فوج داری عدالت میں سنگین جنگی جرائم کے تحت مقدمات بھی قائم ہیں۔

سیف الاسلام قذافی کے ایک حامی نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ سیف الاسلام کو اب مزید روپوش نہیں رہنا چاہیے، اندرون اور بیرون ملک ان کا ہرچاہنے والا انہیں موجودہ سیاسی دھارے میں دیکھنا چاہتا ہے۔ انہیں روپوشی توڑ کر باہر نکلنا چاہیے اور موجودہ ملکی حالات کے حوالے سے اپنا موقف قوم کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔