سید منور حسن کی نماز جنازہ کچھ دیر بعد، ایس او پیز پرعمل کرنے کی اپیل

528

سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد کراچی میں عید گاہ پارک ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔

نماز جنازہ کے لیے انتطا مات مکمل کرلیے گئے ہیں اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تپتی دھوپ اور کورونا وائرس کے پیش نظر خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

جنازہ گاہ میں ٹینٹ لگا کر دھوپ سے بچنے کا انتظام کیا گیا ہے اور شرکاء کو اپنے طور پر بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

منتظمین کی طرف سےجنازے میں آنے والے افراد کے لیے کچھ درخواستیں کی گئی ہیں۔

*عید گاہ میدان  ناظم آباد  ڈیڑھ بجے باوضو آئیں

گرمی کے لحاظ سے بزرگ حضرات چھتری یا گیلا تولیہ ساتھ لائیں

*گو کہ ٹینٹ کا انتظام ہے لیکن یہ ناکافی ہو سکتا ہے

*اولین صف مہمانوں، قائدین اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں  کے لیے مختص ہے

* ماسک پہن کر لازمی آئیے

* ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے احتراز کیجئے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی امامت میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی ، نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، اعلیٰ حکام، سماجی و دینی شخصیات سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

صحافیوں اور میڈیا کی گاڑیوں کے لیے باب قائد محراب کے پاس سے داخلی راستہ مختص کیا گیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے نماز جنازہ کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا اور کارکنوں کو بہترین نظم وضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اہلیان کراچی سے گزارش کی کہ ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں، احتیاطی تدابیر کو نظر انداز نہیں کر سکتے لہذا اس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی،ڈپٹی جنرل سکریٹری پاکستان محمد اصغر،نائب امیرجماعت اسلامی پاکستاناسد اللہ بھٹو اور رکن آزادکشمیر اسمبلی عبد الرشید ترابی سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کی نماز جنازہ میں شریک کے لیے گزشتہ روز ہی کراچی پہنچ گئے تھے۔علاوہ ازیں انہوں نے سید منورحسن کے گھر جاکر ان کے صاحبزادے سید طلحہ منور سے ملاقات و اظہار تعزیت کی۔

دریں اثناء امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سید منورحسن ایک نظریاتی انسان تھے اور نظریاتی انسان کبھی مرتے نہیں ہے،مرحوم حق گو اور کردار کے غازی تھے،انہوں نے ساری عمر اسلام اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کردی،ملک میں آمریت کے خلاف چلنے والے تحریکوں میں بھرپور حصہ لیا۔سید منور حسن کی نماز جنازہ میں ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔جماعت اسلامی کے کارکنان دوست احباب،عزیزواقارب بھی نماز جنازہ میں شریک ہوں اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد 78 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

چند روز قبل طبیعت بگڑنے پرسید منورحسن کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ و دیگر مرکزی و مقامی قیادت نے اسپتال میں زیرعلاج سید منور حسن کی عیادت کی تھی۔