عید قربان کے لیے کراچی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ

1185

کراچی: کراچی انتظامیہ شہر کی معروف فلاحی تنظیموں کے ذریعے شہر کے مختلف مقامات پر اجتماعی قربانی کے انتظامات کرے گی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی کے دفتر میں افتخار شلوانی کی زیر صدارت معروف فلاحی تنظیموں کا ایک اجلاس ہوا، جس میں ایدھی ، چھیپا ، سیلانی، الخدمت، جامعہ بنوریہ سائٹ اور دعوت اسلامی و دیگر کے نمائندوں نے شر کت کی۔

اجلاس میں قربانی کی رجسٹریشن اور قربانی کے انتظامات، دیگر امور کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ علاقہ کے ڈپٹی کمشنرز ان انتظامات کی نگرانی کریں گے اور متعلقہ فلاحی تنظیموں کو ضروری معاونت و رہنمائی کریں گے، جن تنظیموں کو جگہ کی دشواری ہوگی ضلعی انتظامیہ انھیں جگہ کی فراہمی میں ہر ممکنہ مدد کرے گی۔

افتخار شلوانی  نے تمام ڈپٹی کمشنرز  کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وہ قربانی کے انتظامات کے سلسلہ میں فلاحی تنظیموں کی ہر ممکنہ مدد کریں۔

اجلاس میں موجود فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے کمشنرکراچی کے اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کورونا کی صورتحال اور شہریوں کی ضرورت کے پیش نظر اس سال قربانی کے خصوصی انتظامات کریں گی اس سال انتظامات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا،  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمیں آن لائن سروس بھی فراہم کریں گی  ۔

کراچی انتظامیہ کی جانب سے بھی قربانی کے انتظامات کی جامع تفصیلات میڈیا کو جلد جاری کی جائیں گی، کمشنر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلاحی تنظیموں کے مذہبی جذبہ سے کی جانے والی کو شش کو سراہیں اور اس سے استفادہ کریں اس سے شہریوں کو ایک صاف ستھرے اور منظم طریقہ سے مذہبی فریضہ کی ادائیگی میں سہولت میسر آئے گی اور شہر میں جگہ جگہ گلیوں اور سڑکوں پر قربانی کر نے کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی اور  شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔