برطانیہ میں چاقو سے حملہ ، 4 افراد مارے گئے

63
گلاسگو: پولیس نے چاقو حملے کے بعد جائے وقوع کو سیل کردیا ہے‘ اہل کار شواہد اکٹھے کررہے ہیں

 

گلاسگو (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کی ریاست اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو میں ایک چاقو حملے کے نتیجے میں 3 افرادمارے گئے، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ اس دوران ایک پولیس اہل کار زخمی بھی ہوا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ خوں ریز واقعہ جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر سوا ایک بجے گلاسگو شہر کے وسط میں ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ ایک عینی شاہد نے نشریاتی دارے اسکائی نیوز کو بتایا کہ اس حملے کے بعد جائے وقوع پر کئی افراد خون میں لتھڑے ہوئے دیکھے گئے، جنہیں ہنگامی طبی امداد مہیا کیا جا رہی تھی۔ کارروائی ختم ہونے پر اسکاٹ لینڈ پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل اسٹیو جانسن نے بتایا کہ یہ واقعہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور وہاں عوامی زندگی کو اب مزید کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق چاقو کے پے در پے وار سے ہلاک ہونے والے تینوں افراد اس وقت حملہ آور کا نشانہ بنے، جب وہ ہوٹل میں سیڑھیاں اتر رہے تھے۔ اسٹیو جانسن نے بتایا کہ مسلح پولیس اہل کار فوراً موقع پر پہنچ گئے تھے۔ حملہ آور جو ایک مرد تھا، پولیس کی فائرنگ میں مارا گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، جب کہ وزیر اعظم بورس جانسن نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔