سید منورحسن انتقال کرگئے،نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

922

سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد 78 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

چند روز قبل طبیعت بگڑنے پرسید منورحسن کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ و دیگر مرکزی و مقامی قیادت نے اسپتال میں زیرعلاج سید منور حسن کی عیادت کی تھی۔

سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن جماعت اسلامی پاکستان کے چوتھے امیرتھے،تقسیم برصغیر کے بعد ان کے خاندان نے پاکستان کو اپنے مسکن کے طور پر چنا اور کراچی منتقل ہو گئے۔

 انہوں نے 1963 ء میں جامعہ کراچی سے سوشیالوجی میں ایم اے کیا،1966 ء میں دوبارہ کراچی یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم اے کیا، زمانہ طالب علمی میں ہی منور حسن اپنی برجستگی اور شستہ تقریر میں معروف ہو گئے، کالج میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے۔

پیدایش:

سید منور حسن کی جہد مسلسل کی داستان نصف صدی پر پھیلی ہوئی ہے۔وہ اگست1941ء میں دہلی میں پیدا ہوئے،ان کے والد سید اخلاق حسین دہلی کے ایم بی ہائی اسکول میں پڑھاتے تھے۔ قیام پاکستان کے وقت وہ ایم بی ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر تھے۔ ان کی والدہ بچوں کو قرآن مجید پڑھاتی تھیں۔ وہ دہلی کے ایک ایسے معزز گھرانے کے چشم و چراغ تھے جو 47ءمیں ہجرت کے زخم جھیلتا ہوا پہلے دہلی سے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی پہنچا۔ سید منور حسن جن کی عمر اس وقت سن شعور کو چھو رہی تھی، اس خون آشام سفر میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تھے۔ یوں ان کے سینے پر تمغہ ہجرت بھی سجا ہوا ہے، روشن درخشاں نیر و تاباں۔

تعلیم:

 سید منور حسن نے ابتدائی تعلیم جیکب لائن کے ایک اسکول سے حاصل کی،نے1963ءاور 1966ءمیں جامعہ کراچی سے عمرانیات اوراسلامیات میں”ایم اے“ کے امتحانات امتیازی حیثیت سے پاس کیے۔

طلبہ سیاست میں حصہ:

انہوں نے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنی طلباءسیاست کا آغاز کیا لیک،وہ 1959میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے تاہم کچھ ہی عرصے بعد سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ مرحوم کے انقلاب آفرین لٹریچر کے زیراثر ان کی ایسی قلب ماہیئت ہوئی کہ وہ نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے نکل کر اسلامی جمعیت طلبہ کے ہر اول میں شامل ہوگئے۔

زمانہ طالب علمی میں ہی سید منورحسن اپنی برجستگی اور شستہ تقریر میں معروف ہوگئے۔وہ کالج میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے۔علاوہ ازیں بیڈمنٹن کے ایک اچھے کھلاڑی بھی رہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستگی:

٭….سید منورحسن جون 1960ءمیں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے۔

٭…. اکتوبر 1962ءمیں، انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

٭….سید منورحسن1962میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم بھی رہے۔

٭….سید منورحسن 1963میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم رہے۔

٭…. 27 دسمبر 1964ءکے سالانہ اجتماع میں جمعیت کے ارکان نے انہیں اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ منتخب کیا۔

٭….وہ مسلسل تین مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔

٭….ان کے دورِ نظامت میں جمعیت نے طلبہ کے مسائل،نظام تعلیم، اور تعلیم ِ نسواں کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں رائے عامہ کو بیدار کرنے کے لیے متعدد مہمات کا آغاز کیا۔

٭….سید منورحسن  نے 27 دسمبر 1964ءسے 19 نومبر 1967ءتک اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔

٭….وہ 13جنوری 1968میں اسلامی جمعیت طلبہ سے فارغ ہوئے۔

جماعت ِ اسلامی میں شمولیت:

٭….سید منور حسن نے 1968ءمیں ”جماعت اسلامی پاکستان“ میں شمولیت اختیار کی۔

٭…. سید منورحسن جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور نائب امیرکی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دیے ۔

٭….وہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کے بھی رکن منتخب ہوئے۔

٭…. 1977کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کھڑے کیے جانے والے امید وار جمیل الدین عالی کا مقابلہ کیا ، قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لینے کا ریکارڈ قائم کیا۔

٭….انہوں نے1977میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے۔

٭….سید منورحسن نے1977میں چلائی جانے والی تحریک نظام مصطفی کو کراچی میں منظم کیا۔

٭….سید منورحسن اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی کے ڈائریکٹر بھی رہے،ان کی نگرانی میں اس اکیڈمی نے 70سے زاید علمی کتابیں شایع کیں۔

٭….انہوں نے اسلامک ریسرچ اکیڈمی سے شایع ہونے والے جریدےThe Criterionاور The Universal Messageکی ادارت بھی کی۔

 ٭….انہوں نے متعدد بین الاقوامی فورمز پر جماعت اسلامی کی نمائندگی کی۔

٭….سید منورحسن جنوری1989سے نومبر1991ءتک جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے منصب پر فائز رہے۔

٭…. سید منور حسن کو 1992 میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مقرر کیے گئے۔

٭….سید منورحسن 2009 میں بھاری اکثریٹ سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیرچوتھے امیر مقرر ہوئے ۔وہ 2014تک بطور امیر جماعت اسلامی پاکستان،اس منصب پر فائز رہے۔