سوکھے پتے کی طرح دکھنے والی مکڑی

591

ماہرین نے حال میں مکڑی کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے جو خطرے کے وقت ایک سوکھے پتے کا روپ اس طرح دھارتی ہے کہ اسے پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے۔

 ماہرین کے مطابق یہ واحد مکڑی ہے جو خطرے کے وقت سوکھے پتے کا روپ دھارلیتی ہے اور اس کا شکاری اسے کسی جانور کی بجائے اسے مردہ پتہ سمجھتے ہوئے آگے بڑھ جاتا ہے۔

یہ مکڑی چین کے صوبے یونان کے ایک بارانی جنگل میں اتفاقیہ طور پر دریافت ہوئی جسے ارتقائی حیوانیات کے ایک ماہر مٹجاز کونٹنر نے دریافت کیا تھا۔ اس مکڑی کو اب ایک نئی قسم کا درجہ دیا گیا ہے۔ یہ مکڑی انفرادی طور پر پائی جاتی ہے اور عموماً سوکھے پتوں کے درمیان رہتی ہے۔

اس کی پیٹھ سبز پتے جیسی جبکہ اندرونی اور پیٹ کا حصہ بال دار اور پیلے پتے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ اس کے دوہفتے بعد اس کا نر مکڑا بھی دیکھا گیا اور اسے احتیاط سے میوزیم لایا گیا۔

اس مکڑی کا اب تک کوئی نام نہیں رکھا گیا تاہم یہ مکڑی مکڑیوں کے پولٹیس جینس خاندان سے تعلق رکھتی ہے جس سے 3 ہزار اقسام کی مکڑیاں تعلق رکھتی ہیں۔ ویسے تو کم ازکم 100 ایسی مکڑیاں پائی جاتی ہیں جو دشمن کو دیکھتے ہوئے ساکت ہوجاتی ہیں اور خود کو بند کرکے چھپاتی ہیں تاہم پتے کی شکل اختیار کرنے والی یہ واحد مکڑی ہے۔